Friday, May 10, 2024

مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، شاہ محمود پاکستان کی نمائندگی کرینگے

مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، شاہ محمود پاکستان کی نمائندگی کرینگے
December 17, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارتی مظالم پر شرکاء کو آگاہ کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 12 دسمبر کو سلامتی کونسل کے نام خط لکھا جس میں مقبوضہ وادی میں کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ بند کمرہ اجلاس چین کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سلامتی کونسل اجلاس میں مقبو ضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے نافذ 135 روز ہ کرفیو سے پیدا ہونے والے حالات اور بھارتی فوج کی بربریت سے متعلق آگاہ کریں گے۔ کرفیوکے خاتمہ کے لئے بھارت پر دباﺅ ڈالنے کے لیے زور دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو پانچویں ماہ میں داخل ہو گیا ہے۔ کرفیوکے باعث مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو ادویات کی قلت کا سامنا ہے، اسپتالوں تک رسائی میسر نہیں۔ کشمیریوں کو غذائی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔