Friday, May 17, 2024

مقبوضہ کشمیر پر حملہ آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملہ ہے، سردار مسعود خان

مقبوضہ کشمیر پر حملہ آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملہ ہے، سردار مسعود خان
September 14, 2019
مانچسٹر (92 نیوز) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو نو آبادیاتی ریاست میں تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر حملہ آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملہ ہے، اگر حملہ ہوا تو پاکستان اس کا بھرپور دفاع کرے گا۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کے اعزاز میں مانچسٹر میں عشائیہ دیا جس میں برطانوی اراکین پارلیمنٹ اورسیاسی وسماجی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ صدر مسعود احمد خان نے اپنے حالیہ دورہ یورپ و برطانیہ کے دوران کشمیر پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہی دی۔ صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہے، خواتین کی عصمت دری ہو رہی ہے، کشمیریوں کو ہراساں کر کے بدنام ترین جیلوں میں رکھا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرتوتوں کی قلعی کھول دی ہے وہاں کرفیو ختم ہونے کے بعد شدید ردعمل متوقع ہے۔ سردار مسعود احمد خان نے مزید کہا بھارتی وزیر خارجہ راج ناتھ سنگھ آزاد کشمیر پر قابض ہونے کی بات کرتا ہے، اگر حملہ ہوا تو پاکستان اس کا بھرپور دفاع کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے برطانیہ میں بسنے والی کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کا کردار اہم ہے۔ اراکین پارلیمنٹ، انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوام متحدہ، ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو بذریعہ ای میل کشمیر بارے رابطہ کریں۔ برطانوی سیاسی جماعتوں کی سالانہ کانفرنسز میں کشمیر بارے قرار دادیں لائیں گے۔