Friday, April 19, 2024

مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف پاکستان بھر میں یوم سیاہ منایا گیا

مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کیخلاف پاکستان بھر میں یوم سیاہ منایا گیا
October 27, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت  کے غیر قانونی قبضے کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھرمیں یوم سیاہ منایا گیا ،  کشمیری بہن بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیلئےشہر شہر مارچ اور ریلیاں نکالی گئیں، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہے۔ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 میں مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا جس کیخلاف کشمیری قوم دنیا بھر میں آج یوم سیاہ منا رہی ہے ، مظلوم مسلمان بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔ لاہور میں ڈپٹی کمشنر کی زیر قیادت ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی  ، سیالکوٹ ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، بہاولپور ، خانیوال ، چشتیاں دادو ، صوابی ، بہاولپور ، بہاولنگر ، ڈی جی خان ، سانگھڑ ، بھکر ، راجن پور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ کوئٹہ میں بھی بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، ڈیرہ بگٹی میں سابق صوبائی وزیر داخلہ  سینیٹر میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں پاکستان ہاؤس سے ریلی نکالی گئی  جس میں سول سوسائٹی ، قبائلی عمائدین ، تاجر برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے باڑہ اور جمرود بازاروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی ، ڈیرہ اسماعیل خان  میں تاجروں نے یکجہتی کشمیر ریلی نکالی ۔ سندھ کے ضلع نواب شاہ میں طلبہ اور  اساتذہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، شرکا نے بھارت کے خلاف شدید نعرے  بازی کی ، حیدر آباد اور خیرپور میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ضلع بھر میں ریلیا نکالی گئیں ۔