Thursday, May 9, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 59 واں روز، مزید ایک کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 59 واں روز، مزید ایک کشمیری شہید
October 2, 2019
سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو 59 روز میں داخل ہوگیا، بھارتی فورسز کی بربریت سے ایک اورکشمیری شہید ہوگیا، بھارتی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے پر حکومت سے چار ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے تازہ کارروائی میں ایک اور مظلوم کشمیری کو شہید کر دیا۔ ستمبر کے دوران 16 کشمیریوں کو شہید کیا گیا جن میں ایک خاتون اور 2 نوعمر لڑکے بھی شامل تھے۔ گولیاں اور پیلٹس لگنے سے 281 کشمیری زخمی بھی ہوئے۔ امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ قابض فورسز کے وحشیانہ تشدد کا پردہ فاش کرتے ہوئے پریگام میں 6 اگست کو پکڑے جانے والے کشمیریوں کی آپ بیتی سامنے لے آیا۔ [caption id="attachment_243555" align="alignnone" width="700"]مقبوضہ کشمیر ، کرفیو،59 واں روز، کشمیری شہید،سری نگر،92نیوز مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 59 واں روز، مزید ایک کشمیری شہید[/caption] زیرحراست کشمیریوں میں 25 سالہ یاسین بھٹ بھی شامل تھے، جنھوں نے خود پر ڈھائے جانے والے ظلم کی داستان بیان کردی، بھارتی فورسز نے ان کی کمر اور ٹانگوں پر موٹی تاروں سے مارا اور سینے پر بجلی کے جھٹکے دیئے گئے، یاسین بھٹ کو یوں محسوس ہوتا تھا جیسے وہ ان کی زندگی کی آخری رات ہو۔ یاسین بھٹ کی انگلیاں ٹوٹ گئیں،کمر اور ٹانگوں پر آج بھی نیل پڑے ہوئے ہیں جبکہ ریڑھ کی ہڈی میں بھی سوجن موجودہے، اسپتال رپورٹس بھی اس بھیانک تشدد کی تصدیق کرتی ہیں۔ یاسین بھٹ کے ساتھ 24سالہ مظفر نبی کو بھی وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بھارتی فورسز نے انہیں سٹیل راڈز، ڈنڈوں اور تاروں سے مارا، جب وہ بےہوش ہوجاتے تو بجلی کے جھٹکے دے کر ہوش میں لایا جاتا۔ ادھردوسری جانب امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے بھی مقبوضہ کشمیر کی بدترین صورتحال کی تصویری عکاسی کر ڈالی، 4 ہفتے مقبوضہ کشمیر میں گزارنے والے، جریدے کے فوٹوگرافر اتل لوک نے بھارتی مظالم اور کشمیریوں کے احتجاج کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔