Saturday, April 20, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 82 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 82 روز ہو گئے
October 25, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 82 روز ہو گئے۔ بھارت نے جنت نظیر وادی میں بربریت اور ظلم کی نئی داستان رقم کر دی۔ مقبوضہ وادی میں خوف کی فضاء طاری ہے۔ چپہ چپہ پر بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ راتوں کو گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور لوگوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آج بھی بھارتی استعمار نے کشمیریوں کو جمعے کی نماز کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی۔ مواصلاتی بندش نے بھی لوگوں کی زندگیوں کو جہنم بنایا ہوا ہے۔ ضلع شوپیاں میں نامعلوم حملہ آوروں نے دو ٹرک ڈرائیوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ حملے کے بعد پھلوں سے لدے ٹرکوں کو آگ لگا دی گئی۔ ٹرک ڈرائیوروں کا تعلق راجستھان اور بھارتی پنجاب سے تھا۔ دوسری جانب بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کے حوالے سے بھارتی حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔ تین رکنی بنچ کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے لیے اور کتنے دن چاہیے، حکومت کو کوئی اور راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔