Saturday, May 11, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 77 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 77 روز ہو گئے
October 20, 2019
سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 77 روز ہو گئے، مقبوضہ وادی میں زندگی بھارتی استعمار کے پنجوں تلے سسکنے پر مجبور ہو گئی، لاکھوں کشمیری اپنے پیاروں کی آواز سننے کو ترس گئے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو سے لاکھوں کشمیریوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، ہرجگہ بھارتی فوج تعینات ہے، مقبوضہ وادی دنیا کا سب  سے بڑا قید خانہ بن چکی ہے۔ مواصلاتی بندشوں نے کشمیریوں کا رابطہ پوری دنیا سے کاٹا ہوا ہے اور انہیں اپنے پیاروں کی کوئی خبر نہیں ہے۔ ہزاروں مائیں نامعلوم قید خانوں میں بند اپنے لخت جگروں کے انتظار میں بیٹھی ہیں۔ وادی میں انسانی بحران ہر دن کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ سردیوں کی آمد ہے اور لوگوں کے پاس راشن ختم ہو چکا ہے۔ جان بچانے والی ادویات بھی دستیاب نہیں ہیں۔ دوسری جانب بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے مصائب دنیا کو دکھانے کے لیے’’ سب سے بڑی جمہوریت کے نیچے جبری مزدوری ‘‘کے نام سے دستاویزی فلم ریلیز کی گئی۔ دستاویزی فلم میں 90 کی دہائی میں بھارتی فوج کی جانب سے جبری مزدوری لینے پر کشمیریوں پر پڑنے والے نفسیاتی اور جسمانی منفی اثرات کو دکھایا گیا ہے۔