Sunday, May 19, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 64 رو زہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 64 رو زہو گئے
October 7, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 64 روز ہو گئے ، مقبوضہ وادی دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ بن گئی، مسلسل پابندیوں نے کشمیریوں کی زندگی مفلوج کر کے رکھ دی، ناگالینڈ کے قبائلی لیڈر موئیوا نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔ بھارتی استعمار نے جنت نظیر وادی کو جہنم بنا دیا، مسلسل پابندیوں اور کرفیو نے کشمیریوں کا سانس لینا بھی محال کر دیا۔ مقبوضہ وادی میں کرفیو کے 64 ویں روز بھی سب بند پڑا ہے۔ وادی کا ہر کونہ اور گلی بھارتی فوج کے گھیرے میں ہیں۔ مسلسل لاک ڈاؤن نے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قلت پیدا کر دی ہے ،  سردیوں کی آمد کے پیش نظر انسانی بحران مزید سنگین ہونے کا خطرہ ہے۔ مقبوضہ وادی کی تمام سیاسی قیادت گھروں میں نظر بند یا جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے ہے لیکن کانگریس اور بی جے پی 24 اکتوبر کو ہونے والے نام نہاد بلاک ڈویلپمنٹ کونسل الیکشنز میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب ناگالینڈ کے قبائلی لیڈر موئیوا نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔ موئیوا کا کہنا ہے بھارتی حکومت نے یہ فیصلہ کرتے ہوئے کشمیریوں کی تاریخ کی عزت نہیں کی۔ ہمیں یہ قبول نہیں ہے۔