Sunday, May 12, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 45 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 45 روز ہو گئے
September 18, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 45 روز ہوگئے ، بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کا وادی میں مکمل امن کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست سے کسی پر کوئی گولی نہیں چلی ، ادھر ترک میڈیا تشدد کا شکار مظلوم کشمیریوں کی دل دہلادینے والی داستان سامنے لے آیا جس نے امیت شاہ کے دعوے کے منہ پر طمانچہ رسید کر دیا۔ بھارتی وزیر داخلہ نے ایک بار پھر جھوٹا  دعویٰ کیا  ہے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مکمل امن ہے ، پانچ اگست سے اب تک وادی میں کسی پر بھی کوئی گولی نہیں چلائی گئی۔ امیت شاہ  کو اس وقت منہ کی کھانا پڑ گئی  جب  بھارتی وزیر داخلہ کے دعوے کو عالمی میڈیا نے بے نقاب کیا ، فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے تشدد کا شکار کشمیریوں پر رپورٹ شائع کی ، جس کے بعد ترکش میڈیا انہی میں سے ایک نوجوان کی ویڈیو سامنے لے آیا۔ ضلع شوپیاں کا 26 سالہ عابد احمد خان جسے بھارتی فورسز نے انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بنایا ، کے جسم پر پڑے نشان اس کی مظلومیت کا چیخ چیخ کر اعلان کرتے ہیں۔ عابد خان کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے اسے پانی میں ڈبویا اور بجلی کے جھٹکے دیے ، اسے زبردستی چار لٹر انتہائی بدبودار مشروب پلایا گیا ، پیٹ پر اتنے مکے مارے کہ اسے قے آگئی۔ عابد خان بتاتے ہیں بھارتی فورسز نے ساری رات اسے موٹے بانس سے پیٹا ، اس کی بازوؤں اور ٹانگوں سے گوشت چیرا ، اس کے جسم پر ابھی بھی رسی کے نشان موجود ہیں ، اس نے اپنی زندگی میں کبھی اتنا خوفناک تشدد نہیں دیکھا۔ ٹی آر ٹی کے مطابق بھارتی فورسز اپنی سفاکانہ کارروائیوں میں کشمیری خواتین کو بھی نہیں چھوڑتی ، اپنے بھائی کو بچانے کیلئے نکلنے والی خاتون کو اس کی والدہ سمیت تشدد کا نشانہ بنایا ، قابض فوجیوں نے یہاں وحشت برپا کررکھی ہے ، انہیں خوف ہے کہ وہ رات کو انہیں بھی قتل کرسکتی ہیں۔ صرف ایک کہانی نہیں بلکہ درجنوں ایسی کہانیاں ہیں جو تاحال سامنے نہیں آئیں ، کشمیری عوام آج بھی سوالیہ نشان بنے عالمی برادری کی جانب دیکھ رہے ہیں ، شاید ظلم کی یہ داستان ختم ہو اور آزادی کا سورج طلوع ہو۔