Friday, April 19, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 16 دن ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 16 دن ہو گئے
August 20, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 16 روز ہوگئے ، نہتے کشمیریوں کے حوصلے آج بھی پست نہ ہوئے ، وادی بھر میں 47 سے زائد مقامات پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا جب کہ قابض فورسز کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں کشمیری زخمی ہوگئے۔ سری نگر، ڈورہ، اننت ناگ میں ہزاروں افراد پابندیوں کو توڑ سڑکوں پر نکلے، وادی بھر میں 47 سے زائد مقامات پر احتجاج کیا گیا،  بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوں کی  اپنے حق میں آوازاٹھانا ایک آنکھ نہ بھایا اور  طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ گولیاں، پیلٹس اور آنسو گیس کے شیل لگنے سے درجنوں افراد زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ مسلسل پابندیوں سے وادی میں سنگین انسانی بحران جنم لینے لگا ہے ، بڑوں سے لے کر بچوں تک گھروں میں محصور ہیں  ۔ نہ بازار کھلے نہ بیمار کو اسپتال جانے کی اجازت ہے۔ بلیک آؤٹ میں بھارتی فوج درندہ  بن چکی ہے، رات گئے نام نہاد سرچ آپریشن کیا جاتا ہے جس میں نوعمر لڑکوں کو حراست میں لیا جاتا ہے اور خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے۔ پانچ اگست سے اب تک چار ہزار سے زائد کشمیریوں کو پکڑا جاچکا ہے جس میں حریت رہنماؤں کے علاوہ بھارت نواز مقامی سیاستدان بھی شامل ہیں۔