Thursday, May 9, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 76 واں روز، بھارت نے مقبوضہ وادی کو جہنم بنا ڈالا

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 76 واں روز، بھارت نے مقبوضہ وادی کو جہنم بنا ڈالا
October 19, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 76 روز ہو گئے۔ مظلوم کشمیریوں پر زمین تنگ کردی گئی۔ بھارت نے مقبوضہ وادی کو جہنم بنا ڈالا۔ مقبوضہ وادی بدستور دنیا سے کٹی ہوئی ہے اور چپہ چپہ بھارتی فوج کے گھیرے میں ہے۔ تعلیمی ادارے اور کاروبار بند پڑے ہیں جب کہ سردیوں کی آمد ہے اور ادویات اور راشن کی شدید قلت ہو چکی ہے۔ مسلسل گیارویں ہفتے بھارت نے کشمیریوں کو جمعہ پڑھنے کی اجازت نہ دی۔ گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد سرینگر، بڈگام، گاندربل، اننت ناگ، پلوامہ، کلگام، شوپیاں، بانڈی پورہ اور بارامولا سمیت دوسرئ اضلاع میں ہزاروں کشمیری پھر سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ کشمیریوں کے احتجاج نے بھارتی سکیورٹی فورسز کو بوکھلا کر رکھ دیا اور انہوں نے کشمیریوں پر آنسو گیس اور پیلٹ گن کی بارش کر ڈالی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اپنی مخالف آوازوں کو دبانے کا سلسلہ بند کرے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے جو بغیر کسی گناہ کے قید خانوں میں بند ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے مقبوضہ وادی سے مواصلاتی بندش اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بندشوں نے طبی سہولیات اور آزادیِ صحافت میں رکاوٹ ڈال دی ہے۔