Monday, May 13, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 32 واں روز ،زندگی مسلسل مفلوج

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 32 واں روز ،زندگی مسلسل مفلوج
September 5, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور قید و بند کا آج 32واں روز ہے ، بدترین پابندیوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت پہلے سے بھی بڑھ گیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو بتیس ویں روز میں داخل ہوگیا،زندگی مسلسل مفلوج جب کہ  غذائی قلت اور ادویات کا بحران بد سے بد ترین  ہو گیا، بھارتی فورسز کی پیلٹس کا نشانہ بننے والا ایک اورکشمیری نوجوان شہید ہوگیا۔ بھارتی مظالم کے خلاف وادی بھر میں بلاناغہ احتجاج کیا جارہا ہے ، کشمیری تمام پابندیوں کو توڑتے ہوئے باہر نکلتے ہیں ، بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے ان کے بلند حوصلوں کا ثبوت پیش کرتے ہیں۔ بھارتی فورسز نہتے مظاہرین کو کچلنے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے ، گولیاں، پیلٹس اور آنسو گیس کے شیلز سے سولہ کشمیری شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔

کشمیریوں سے جانوروں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ، بھارتی خبر ایجنسی ‏

پیلٹس کا شکار ایک کشمیری نوجوان زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد آج شہید ہوگیا، گیارہویں جماعت کا طالبعلم اسرار احمد چھ اگست کو صورہ میں احتجاج کے دوران زخمی ہوا تھا۔ وادی میں جابجا لگے حریت قیادت کے بیانات والے پوسٹرز نے بھارتی فورسز کو مزید بوکھلا دیا ہے ، جن پر لکھا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو مار سکتا ہے مگر ان کے نظریے کو نہیں، ہر قسم کے اسلحے سے لیس بھارتی فورسز کشمیریوں کے پتھروں سے خوفزدہ ہے۔ ادھر سرینگر کے میئر کو بھارتی بربریت کے خلاف بولنا مہنگا پڑگیا ،  جنہیں نئی دہلی سے حراست میں لے لیا گیا ہے ، جنید اعظم مٹو نے کچھ روز قبل بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مقبوضہ وادی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔