Monday, May 13, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 31واں روز،انسانی بحران پیدا ہو گیا

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 31واں روز،انسانی بحران پیدا ہو گیا
September 4, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا اکتیس واں روز ہے ، بھارتی فورسز کا وحشیانہ رویہ بھی کشمیریوں کا حوصلہ پست کرنے میں ناکام ہو چکا ہے ،  وادی میں ہر روز آزادی کے فلک شگاف نعرے کشمیریوں کے پرعزم ہونے کا ثبوت پیش کرتے ہیں۔ ادھر  تہاڑ جیل میں قید حریت رہنما یاسین ملک کی حالت تشویشناک ہوگئی جبکہ  مسلسل پابندیوں سے وادی میں سنگین انسانی بحران پیدا ہوچکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر  پر بھارت کے قبضے کی ناپاک کوشش کو ایک ماہ گزر گیا ، لاکھوں کشمیری عوام اپنے ہی گھروں میں محصور ہیں جبکہ سڑکوں پر خاردار تاروں کا جال بچھا ہوا ہے، جن کے بیچ بھارتی فوجی دندناتے پھر رہے ہیں۔ رات کے اندھیرے میں گھروں پر چھاپے اور ننھے کشمیریوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بھارتی مظالم کے خلاف وادی بھر میں بلاناغہ احتجاج کیا جارہا ہے ، کشمیری تمام پابندیوں کو توڑتے ہوئے باہر نکلتے ہیں ، بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے ان کے بلند حوصلوں کا ثبوت پیش کرتے ہیں۔ بھارتی فورسز نہتے مظاہرین کو کچلنے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں  ۔  گولیاں، پیلٹس اور آنسو گیس کے شیلز سے سولہ کشمیری شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔ احتجاج سے خوفزدہ بھارت نے حریت رہنماؤں کے علاوہ مقامی سیاسی قیادت کو بھی قید کررکھا ہے، تہاڑ جیل میں قید حریت رہنما یاسین ملک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ شدید پابندیوں کی وجہ سے وادی میں سنگین انسانی بحران پیدا ہوچکا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹرین سروس بھی بند پڑی ہیں۔