Friday, April 26, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 27 واں روز، جنت نظیر وادی اپنے ہی مکینوں کیلئے جہنم بن گئی

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 27 واں روز، جنت نظیر وادی اپنے ہی مکینوں کیلئے جہنم بن گئی
August 31, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 27 واں روز  ہے۔ جنت نظیر وادی اپنے ہی مکینوں کیلئے جہنم بن گئی۔ انسانی بحران شدت اختیار کر گیا۔ راشن اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی۔ وادی کے چپے چپے پر بدستور بھارتی فوجی مسلط ہیں۔ مواصلاتی نظام بھی بند پڑا ہے اور دیگر علاقوں میں موجود کشمیریوں کا اپنے گھر والوں سے ایک مہینے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ مقبوضہ وادی میں راشن کی بھی شدید قلت ہو چکی ہے اور قحط جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ جان بچانے کی ادویات بھی ختم ہو چکی ہیں۔ سیاسی قیادت سمیت ہزاروں کشمیری سلاخوں کے پیچھے بےیارو مددگار پڑے ہیں۔ دوسری جانب کشمیری عوام کا تمام ترپابندیوں کو توڑ کر احتجاج کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سرینگر میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکلے اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ بھارتی سیکورٹی فورسز نے روایتی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے مظاہرین پر پیلٹ گنز اور آنسو گیس کی شیلنگ کردی جس سے متعدد کشمیری زخمی ہوئے۔