Thursday, April 18, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 26 واں روز ، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جہنم بنا ڈالا

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 26 واں روز ، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جہنم بنا ڈالا
August 30, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا 26 واں روز ہے۔ بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جہنم بنا ڈالا ۔ ہر سو موت کے سائے ، گولیوں کی تڑتڑاہٹ کا راج ہے۔ جنت نظیر وادی کشمیر اپنے ہی مکینوں کیلئے جہنم بن گئے۔ ہر رات آزادی کی امید کو توڑنے کی کوشش کرتی ہے مگر سورج کی پہلی کرن اسے مزید توانا کر دیتی ہے۔ قابض فورسز نے ضلع بارہ مولاکے علاقے سوپور میں نام نہاد آپریشن کا آغاز کیا جس کے دوران ایک نہتے نوجوان کو شہید کر دیا گیا۔ بھارت فوج کے تمام تر ہتھکنڈے بھی کشمیری عوام کا جذبہ توڑنے میں ناکام ہیں۔ آزادی کے متوالے ہر روز پابندیوں کو توڑ کر باہر نکل کر احتجاج کرتے ہیں۔ قابض فورسز کی جانب سے حسب روایت نہتے مظاہرین کو کچلنے کیلئے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا جارہا ہے۔ گولیاں، پیلٹس اور آنسو گیس کے شیل لگنے سے ہر روز درجنوں کشمیری زخمی ہوتے ہیں۔ وادی میں موبائل، لینڈ لائن اور انٹرنیٹ سروس بھی تاحال بند ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے کھولے گئے تعلیمی اداروں میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔ خوفزدہ کشمیری والدین پابندیوں کے حصار میں بچوں کوسکول نہیں بھیج رہے۔