Friday, May 10, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، بدترین پابندیاں اور لاک ڈاؤن کو 63 دن مکمل

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، بدترین پابندیاں اور لاک ڈاؤن کو 63 دن مکمل
October 6, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، بدترین پابندیاں اور لاک ڈاؤن کو 63 دن مکمل ہو گئے۔ چپے،چپے پر بھارتی سنگین بردار، گلی کوچوں میں ہرطرف ناکے لگے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں کاروبار، تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ بند پڑے ہیں۔ کشمیری معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ بھارت نے اوچھے ہتکھنڈوں کا استعمال کرتے ہوئے حریت رہنما شبیر شاہ کی سری نگر میں جائیداد ضبط کرلی ہے۔ بھارتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شبیر شاہ کے خاندان کو نوٹس جاری کرکے مکان خالی کرنے کا کہا تھا۔ شبیر شاہ کو بھارت نے غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا ہوا ہے۔ امریکی سینیٹر اور ڈیموکریٹ پارٹی  کی صدارتی امیدوار الزبتھ وارن بھی مظلوم کشمیریوں کے حق میں بول پڑیں۔ اپنے ٹویٹ میں الزبتھ وارن کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی مستقل بندش اور دیگر پابندیاں قابل تشویش ہیں، انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کا احترم کرے۔ دوسری جانب عالمی نشریاتی ادارہ الجزیرہ ایک اور کشمیری خاندان کی دکھ بھر کہانی سامنے لے آیا۔ ضلع کلگام کے 33 سالہ پرویز احمد پالا جوکہ کینسر کا مریض ہے کو 6 اگست کی رات بھارتی فوج اٹھا کرلے گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق پرویز احمد پالا جان بچانے والی ادویات کے سہارے زندہ تھا 6 اگست کے بعد سے اس کی کوئی خبر نہیں  ہے۔ اس کے 60 سالہ والد محمد ایوب پالا کو بھی معلوم نہیں ہے کہ اس کا بیٹا زندہ ہے یا مر چکا ہے۔