Sunday, May 12, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، بدترین پابندیاں اور لاک ڈاؤن کو 61 دن مکمل

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، بدترین پابندیاں اور لاک ڈاؤن کو 61 دن مکمل
October 4, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، بدترین پابندیاں اور لاک ڈاؤن کو 61 دن مکمل ہو گئے۔ قابض بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں پر زمین تنگ کر دی۔ چپے چپے پر تعینات بھارتی فورسز تحریک آزادی کا جذبہ کچلنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں ۔ وادی میں بلاناغہ احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں، جن میں سیکڑوں کشمیری شرکت کرتے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں تمام کاروباری اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ سڑکوں پر صرف فوجی گاڑیاں گشت کر رہی ہیں۔ حقائق کو چھپانے کیلئے رابطوں کے ذرائع بھی پابندیوں کی زد میں ہیں، نہ انٹرنیٹ چل رہا نہ موبائل اور لینڈ لائنز۔ انٹرنیٹ کی بندش نے اسپتالوں کو بری طرح متاثر کیا ہے جہاں ادویات پہلے ہی ختم ہوچکی ہیں ۔ ڈاکٹرز کی بارہا مطالبوں پر بھی اسپتالوں کو لینڈ لائنز کی سہولت نہیں دی جارہی۔ ادھر محبوبہ مفتی کی بیٹی بھی کشمیریوں کی آواز بننے پر عمران خان کی مشکور نکلی۔ التجا مفتی نے کہا عمران خان کی جنرل اسمبلی میں تقریر سے حوصلہ ملا۔ التجا مفتی نے اردو کہاوت لمحوں نے خطا کی صدیوں نے سزا پائی کا حوالے دیتے کہا بھارتی فیصلوں کی وجہ سے کشمیری پس رہے ہیں ، آرٹیکل 370 اور ترقی کا آپس میں کوئی لینا دینا نہیں ہے، وہ صرف کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے التجا مفتی کا کہنا تھا کہ بھارت اس وقت لنچستان بن گیا ہے، ان کے اپنے وزرا لِنچ کرنے والوں کو مالائیں پہناتے ہیں، اگر انہیں انٹرنیٹ بند ہی کرنا ہے تو پورے ملک میں بند کریں۔