Thursday, April 18, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کو 110 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کو 110 روز ہو گئے
November 22, 2019
سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کو 110 روز ہو گئے، 80 لاکھ کشمیری بدستور بھارتی استعمار کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں، دوسری جانب برطانیہ کے وکلاء کی تنظیم نے نریندر مودی کے نام خط میں مقبوضہ وادی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر اور بربریت اپنے عروج پر پہنچ گئی، مسلسل کرفیو کو 110 روز ہو گئے، مظلوم کشمیریوں پر زندگی کے تمام دروازے بند ہو گئے۔ بھارتی وزیر داخلہ کے تمام تر دعوں کے باوجود مقبوضہ وادی میں صورتحال نہائیت مخدوش ہے۔ دکانیں اور کاروبار بند پڑے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی بندش نے لاکھوں کشمیری طالب علموں کا مستقبل مخدوش کر دیا ہے۔ مظاہروں سے خوفزدہ بھارتی انتظامیہ کی جانب سے آج بھی کشمیریوں کو نماز جمعہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ وادی کا چپہ چپہ بھارتی فوجیوں کے نرغے میں ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر برطانیہ کی بار کونسل اور بار ہیومن رائٹس کمیٹی نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط میں بار کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں نظام انصاف تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ برطانیہ کے وکلاء کی تنظیم کا خط میں مزید کہنا ہے کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 3 ہزار سے زائد لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جس میں وکلاء بھی شامل ہیں، جس پر انہیں خاصی پریشانی ہے۔