Friday, April 19, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو 65ویں روز میں داخل ہو گیا‘ مارکیٹیں بند

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو 65ویں روز میں داخل ہو گیا‘ مارکیٹیں بند
September 11, 2016
سرینگر (92نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی پینسٹھ ویں روز میں داخل ہو گئی۔ پلواما اور کریم آباد میں بھارتی فوجیوں نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سو سے زائد افراد کو زخمی کر دیا جبکہ ایک کشمیری شہید بھی ہوا۔ متعدد علاقوں میں کرفیو کے باوجود بھارت مخالف ریلیوں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی دہشت گردی سے شہید کشمیریوں کی تعداد نوے سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ گیارہ ہزار سے زائد کشمیری زخمی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی تھم نہ سکی۔ آٹھ جولائی کو حریت پسند کشمیری برہان وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ وادی میں حالات شدید کشیدہ ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے نوٹس کے باوجود بھارت ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور روز نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز‘ آنسو گیس کی شیلنگ سے تشدد کیا جا رہا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے پلواما سمیت متعدد مقامات پر کشمیریوں کے گھروں پر چھاپے مارے جس کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا۔ پلواما میں نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز اور آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی جس سے 80 سے زائد کشمیری شدیدزخمی ہوئے۔ پینسٹھ روز سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیونافذ ہے جبکہ حریت قیادت کی طرف سے ہڑتال کی جا رہی ہے۔