Wednesday, May 8, 2024

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو 43 ویں روز میں داخل

مقبوضہ کشمیر میں کرفیو 43 ویں روز میں داخل
September 16, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں  کرفیو  43 ویں روز میں داخل ہوگیا ،بھارتی قابض فورسز نے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق وادی میں ہر روز بیس کے قریب مظاہرے ریکارڈ کیے جارہے ہیں ، بھارتی نیوز ویب سائٹ دی وائر کہتا ہے بھارتی پابندیوں سے کشمیری عوام ذہنی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر  میں بھارتی کرفیو کا 43 واں روز ہے ، تمام تر پابندیاں بھی کشمیریوں کا جذبہ آزادی توڑ نہ سکیں۔فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بلاناغہ بیس کے قریب احتجاج ہورہے ہیں، جن کا مرکز سرینگر، بارہ مولا اور پلوامہ ہیں۔ پانچ اگست سے اب تک 722 مظاہرے ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔ ان مظاہروں کو منتشر کرنے کیلئے بھارتی فورسز نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ، جس کے نتیجے میں دو سو کشمیری زخمی ہوچکے ہیں۔ بھارتی بربریت کی داستان خود وہاں کی مقامی نیوز ویب سائٹ دی وائر بھی سامنے لے کر ائی ہے ، جس کے مطابق مسلسل پابندیوں نے کشمیریوں کو ذہنی امراض میں مبتلا کردیا ہے۔ دی وائر بتاتا ہے کہ کشمیریوں سے ان کی شناخت کا احساس چھین لیا گیا ہے ، جس نے انہیں تکلیف اور تذلیل میں مبتلا کردیا ہے ، حالیہ ہفتوں میں اسپتال میں ذہنی دباؤ کا شکار افراد کی آمد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔