Monday, September 16, 2024

مقبوضہ کشمیر میں ویسٹ انڈیز کی فتح کا جشن، طلبا پر پولیس کا دھاوا، لاٹھی چارج

مقبوضہ کشمیر میں ویسٹ انڈیز کی فتح کا جشن، طلبا پر پولیس کا دھاوا، لاٹھی چارج
April 6, 2016
سری نگر (نائنٹی ٹو نیوز) جموں کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت ایک مرتبہ پھر اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی۔ مقبوضہ کشمیر میں ویسٹ انڈیز کی فتح کا جشن منانا کٹھ پتلی حکومت کو ہضم نہ ہو سکا۔ سری نگر میں طلبا پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کی شکست کے بعد پاکستان اور بھارت کے حامی طلبا آپس میں جھگڑ پڑے اور پھر یہ روز کا معمول بن گیا۔ آج نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر میں طلبا کے دو گروپوں میں تصادم کے بعد پولیس نے مسلمان کشمیری طلبا پر دھاوا بول دیا اور ان پر ظالمانہ لاٹھی چارج کیا جس سے کئی طلبا زخمی ہو گئے۔ حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے انسٹیٹیوٹ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ کشیدہ صورتحال کے باعث انسٹیٹیوٹ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں تاہم کلاسیں بحال کر دی گئی ہیں۔ غیرمقامی طلبا کی اکثریت کلاسز سے غیرحاضر ہے۔ کشمیر کے نائب وزیراعلیٰ جتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ طلبا پر لاٹھی چارج کا معاملہ حساس ہے، اس پر وزارت انسانی حقوق تفتیش کرے گی۔