Thursday, April 25, 2024

مقبوضہ کشمیر میں نواسے کے سامنے نانا کی شہادت بیان کرنے کو الفاظ میسر نہیں ،دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر میں  نواسے کے سامنے نانا کی شہادت بیان کرنے کو الفاظ میسر نہیں ،دفتر خارجہ
July 2, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) دفتر خارجہ نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں  ظلم کی انتہا اور  3سالہ نواسے کے سامنے نانا کی شہادت کو بیان کرنے کیلئے الفاظ میسر نہیں ۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے انسانیت سوز مظالم کی انتہا کردی، بھارتی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 3 سالہ بچے کے سامنے  اسکے نانا کو شہید کیا، تین سالہ نواسے کی نانا کی میت کے قریب رونے کی تصویر نے دیکھنے والوں کو رلا دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے وائرل تصویر  ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ، اس تصویر پر کچھ کہنے کیلئے الفاظ نہیں مل رہے، آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام مکمل طور پر بے یار و مددگار ہیں، بھارتی وحشیانہ بربریت عروج پر ہے، کشمیریوں کی زندگیاں اہمیت کی حامل ہیں۔

دوسری جانب  کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور گوراو اہلووالیا کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ شہریوں پر فائرنگ دوطرفہ معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے، اور اقوام متحدہ کے مبصرین کو کام کرنے دے۔