Saturday, April 27, 2024

مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کا 226 واں روز، مودی سرکار نے نئے قواعد جاری کردئیے

مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کا 226 واں روز، مودی سرکار نے نئے قواعد جاری کردئیے
April 2, 2020
سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 226 دن ہوچکے ہیں جبکہ مودی حکومت کورونا وائرس سے اپنی عوام کو بچانے کی بجائے مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے متنازع قوانین کے نفاذ میں سرگرم ہے۔ کورونا لاک ڈاؤن کی آڑمیں مودی سرکار کے مظلوم کشمیریوں پر گھناؤنے وار جاری ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے گزشتہ سال پانچ اگست کو متعارف کرائے گئے متنازع  قانون کا  شق وار نفاذجاری۔ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل یا شہریت کے نئے قواعد جاری کردئیے۔ نئے قواعد کی رو سے سرکاری محکموں میں چپڑاسی، خاکروب، نچلی سطح کے کلرک، پولیس کانسٹیبل اور دیگر درجہ چہارم کی نوکریوں کو کشمیریوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جبکہ گزٹیڈ عہدوں کے لیے پورے انڈیا سے اُمیدواروں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ فوج اور دیگر مرکزی اداروں کے ملازمین اگر پندرہ سال سے زیادہ عرصے سے یہاں مقیم ہوں تو وہ مقبوضہ کشمیر کے مستقل باشندے تصور ہوں گے۔ اُنہیں یہاں نوکریوں، ووٹ اور جائیداد کی ملکیت کا حق حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ جو بچے مقبوضہ کشمیر میں سات سال سے زیرتعلیم ہوں اور دسویں اور بارہویں جماعتوں کے امتحانات مقامی بورڈ کے ذریعے پاس کئے ہوں، وہ بھی متعلقہ مراعات سمیت کشمیری باشندے تصور ہوں گے۔