Monday, May 20, 2024

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ضلع کلگام میں فائرنگ ، ایک کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ضلع کلگام میں فائرنگ ، ایک کشمیری شہید
May 29, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ قابض فورسز نے ضلع کلگام میں فائرنگ کرکے ایک کشمیری کو شہید کردیا۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بھارتی فوج کی خونریزی عروج پر پہنچ گئی۔ نہتے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے تازی پورہ کا کل سے محاصرہ کررکھا ہے۔ گھر گھر تلاشی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا گیا جس کے بعد دو روز میں ہونے والی شہادتوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ ضلع سوپور، گاندربل اور پلوامہ میں سیکڑوں کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئے جنہیں منتشر کرنے کیلئے قابض فورسز نے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔ پیلٹس اور آنسو گیس کے شیل لگنے سے متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔ قابض انتظامیہ نے کلگام میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کر دی ہے ۔