Tuesday, April 23, 2024

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کا آپریشن، 2 کشمیری نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کا آپریشن، 2 کشمیری نوجوان شہید
June 30, 2020
سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عروج پر پہنچ گئے، ضلع اسلام آباد میں مسلسل دوسرے روز بھی قابض فورسز کا آپریشن، گھر گھر تلاشی کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا، جون میں شہادتوں کی تعداد 36 سے تجاوز کرگئی۔ جنت نظیر وادی کشمیر کے سپوت شہید کمانڈر برہان وانی کی برسی میں آٹھ روز رہ گئے، اس سے قبل ہی بھارتی مظالم نے وادی کے چپے چپے کو لہو میں رنگ دیا۔ بھارت فورسز مسلسل نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہیں، تازہ کارروائی میں ضلع اسلام آباد کے علاقے واگھاما کو نشانہ بنایا، جہاں گھر گھر تلاشی کے دوران دو نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ ضلع اسلام آباد میں دو روز کے دوران پانچ کشمیری شہید ہو چکے ہیں، جبکہ رواں ماہ کے دوران بارہ نام نہاد آپریشنز کے دوران شہادتوں کی تعداد تین درجن تک پہنچ چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر گزشتہ برس پانچ اگست سے دنیا کے طویل ترین لاک ڈاؤن میں ہے، تین سو اکتیس روز ہوچکے، کشمیری اپنے ہی گھروں میں قید ہیں،، کورونا وائرس بھی تیزی سے وادی میں پھیل رہا ہے، مگر قابض بھارت نے رابطوں کے تمام ذرائع بند کررکھے ہیں۔