Sunday, May 12, 2024

مقبوضہ کشمیر میں سیاسی معاملات زور پکڑتے جارہے ہیں،شاہ محمود قریشی

مقبوضہ کشمیر میں سیاسی معاملات زور پکڑتے جارہے ہیں،شاہ محمود قریشی
August 24, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں  اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے کسی دبائو میں نہیں آئیں گے۔ سعودی عرب نے پیسے واپس مانگے ہیں اور نہ ہی تیل بند کیا، یہ محض قیاس آرائیاں ہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ کشمیر میں بھارت موقف کے خلاف علم بغاوت بلندہو چکا ہے۔ بھارت خطہ میں تنہا ہورہا ہے۔افغان طالبان کے وفد سے کل ملاقات ہو گی۔بھارت کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کا ڈھونگ رچا سکتا ہے۔

وزیرِ اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف اور ترجمان  دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کے ہمراہ وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے، یہ انکا اپنا فیصلہ ہے، اسے مسلم امہ کا فیصلہ قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کسی دبا و میں نہیں آئے گا ۔شوشل میڈیا پر پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں جو کہ درست نہیں ہیں۔

حالیہ دورہ چین کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ  چین نے واضح کیا کہ چین بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کوغیر قانونی سمجھتا ہے۔ چین نے واضح طور پر کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کو حل ہونا چاہیے۔ موجودہ حالات میں بھارت سے بعید نہیں ہے کہ وہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹا نے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الافغان مزاکرات کے حوالے سے چند مشکلات آئیں جن میں اب کافی بہتری آگئی ہے، کل افغان طالبان سے دفترخارجہ میں نشست ہوگی۔ ہم نے چین سے بھی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان کو پاکستان بھجوانے کی درخواست کی ہے۔