Friday, April 26, 2024

مقبوضہ کشمیر میں سوشل میڈیا کا استعمال جرم بن گیا

مقبوضہ کشمیر میں سوشل میڈیا کا استعمال جرم بن گیا
February 19, 2020
سرینگر ( ویب ڈیسک )  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے الزام پر متعدد کشمیری نوجوانوں کیخلاف اپنی نوعیت کی پہلی ایف آئی آر درج کرلی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سرینگر پولیس ہیڈکوارٹرز سے جاری بیان میں کہا گیا کہ متعدد سوشل میڈیا صارفین کیخلاف 'حکومتی احکامات نہ ماننے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا غلط استعمال‘ کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ سرینگر سے تعلق رکھنے والے طالبعلم نے میڈیا کو بتایا کہ انٹرنیٹ کی معطلی کے باوجود سوشل میڈیا کے استعمال پر کشمیری نوجوانوں کیخلاف مقدمات کا اندراج مضحکہ خیز ہے ۔ آزاد کشمیر حکومت کے ایک عہدیدار نے بھارتی اقدام کی مذمت کی اور اسے بڑے پیمانے پر حراست اور قتل کی طرح ایک اور سفاکانہ قدم قرار دیا۔ سینئر وزیر طارق فاروق نے ایک ٹویٹ میں کہا ایسا صرف مقبوضہ کشمیر میں ہوتا ہے کہ پوری آبادی پر اپنے حق کا اظہار کرنے پر مقدمہ کیا جاتا ہے ، دنیا کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ادھر چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے الیکشن کمشنر سوشیل چندر اکو مقبوضہ جموں و کشمیر کے مجوزہ حد بندی کمیشن کیلئے نامزد کیاہے ۔