Friday, April 26, 2024

مقبوضہ کشمیر میں زندگی مفلوج ہوئے 199 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں زندگی مفلوج ہوئے 199 روز ہو گئے
February 19, 2020
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 199 روز ہو گئے ، بھارتی فوج کے مظلوم کشمیریوں پر ظلم جاری ہے ، دوسری جانب مودی حکومت نے مقبوضہ وادی میں اسرائیلی طرز کے گھناؤنے منصوبے پر کام شروع کر دیا ،کشمیری پنڈتوں کو مقبوضہ کشمیر کے 10 اضلاع میں بسایا جائے گا۔ بھارتی استعمار کے پنچوں میں جکڑی جنت نظیر وادی میں زندگی سسکنے لگ گئی ، مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو اور لاک ڈاون 199 روز میں داخل ہو گیا۔ کاروبار، تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ بدستور بند ہیں۔ بھارتی فوج کا گھر گھر تلاشی کے نام پر کشمیریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ سری نگر، بڈگام، اننت ناگ، پلوامہ اور بارا مولا سمیت کئی علاقوں سے نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بھارتی فوجی کشمیریوں کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وادی میں مواصلاتی بندش بھی بدستور برقرار ہے۔ اس سب کے باوجود بھارتی پولیس نے کئی کشمیری نوجوانوں کے خلاف سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ استعمال کرنے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دوسری جانب مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں اسرائیلی طرز کے گھناؤنے منصوبے پرکام شروع کردیا ، بھارت نے کشمیریوں کو ان کی ہی سر زمین پر اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نام نہاد کشمیری پنڈتوں کے وفد نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی ہے۔ جس میں امیت شاہ نے مقبوضہ کشمیر کے ایک مخصوص علاقے میں کشمیری پنڈتوں کے لیے نئی بستیوں کی تعمیر کا وعدہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیری پنڈتوں کو مقبوضہ کشمیر کے10اضلاع میں بسایا جائے گا ،اس کے علاوہ بھارتی وزیر داخلہ نے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں نئے مندروں اور ہندوؤں کے دیگر ناپید ہونے والے مذہبی مقامات  کی تعمیر کی یقین دہانی کروائی ہے۔