Sunday, May 12, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 66 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 66 روز ہو گئے
October 9, 2019
سرینگر ( 92 نیوز ) مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنے 66 روز ہوگئے ، 80 لاکھ کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہیں ، بھارتی نیوز ویب سائٹ سب سے کم عمر کشمیری قیدی کی المناک داستان سامنے لے آیا،9سالہ بن ماں باپ کا بچہ دو روز تک قابض فورسز کی بربریت کا نشانہ بنارہا،جسم لہو لہو ہوگیا مگر ظالم اہلکاروں کا ضمیر نہ جاگا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی سفاکانہ کارروائیاں جاری ہیں  ،مظلوم کشمیریوں کی آہیں بھی عالمی برادری کی بےحسی ختم نہ کرسکیں۔ بھارتی نیوزویب سائٹ دی ٹیلی گراف انڈیا بھی ایک ننھے کشمیری کی ہولناک داستان سامنے لے آیا ، نو سال کا بچہ ، چوتھی جماعت کا معصوم طالبعلم گھر سے روٹی خریدنے نکلا مگر سفاک انڈین آرمی کا سب سے نوعمر قیدی بن گیا۔ ننھے کشمیری بچے کو پولیس اسٹیشن میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے جسم لہو لہو ہوگیا مگر ظالم بھارتی اہلکار ٹس سے مس نہ ہوئے۔ بن ماں باپ کے بچے کو دادا دادی چھڑانے آئے ، مگر کسی نے فریاد نہ سنی ، 20 لوگوں سے حلف نامہ دستخط کرایا تو دو روز بعد زخموں سے چور بچے کو رہائی ملی۔ ادھر بھارتی پولیس بھی اپنے کیے پر پشیماں نہیں ، عدالت میں ڈھٹائی سے کسی بھی نوعمر کشمیری کی گرفتاری سے صاف مکر گئے۔