Friday, April 19, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال
March 8, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ سرکاری و کاروباری مراکز بند رہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف حریت کانفرنس کی اپیل پر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ مقبوضہ وادی کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مارکیٹیں اور بازار مکمل طور پر بند رہے  جب کہ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر  تھی۔ احتجاج کے خطرے کے پیش نظر سری نگر میں کرفیو نافذ  رہا جس کے باعث تاریخی جامع مسجد میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی نماز جمعہ ادا نہ کی جاسکی ۔ سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق  سمیت  کئی  حریت رہنما گھروں میں نظر بند رہے۔ سخت کرفیو کے باوجود  سرینگر اور بڈگام سمیت کئی علاقوں میں  مظاہرے کیے گئے۔ شرکا نے جماعت اسلامی پر عائد پابندی ہٹانے اور  یاسین ملک سمیت  تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اعداد و شمار جاری کیے جن کے مطابق ہزاروں کشمیری خواتین بھارتی بربریت کا نشانہ بن چکی ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق جنوری دو ہزار ایک سے  لیکر اب تک چھے سو سرسٹھ خواتین شہید ہوچکی ہیں۔ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے باعث بائیس ہزار آٹھ سو ننانوے خواتین بیوہ ہوئیں جبکہ گیارہ ہزار ایک سو سترہ خواتین کو ہراساں کیا گیا۔