Friday, April 26, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے کیلئے امریکا میں احتجاجی مظاہرہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم دنیا کے سامنے لانے کیلئے امریکا میں احتجاجی مظاہرہ
August 11, 2019
 واشنگٹن (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے امریکا میں وائٹ ہاؤس کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سکھ کمیونٹی بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے میں شریک ہوئی۔ جنت نظیر وادی کشمیر لہو لہو ہے، بھارتی فوج ظلم اور بربریت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے، انہی بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے امریکا میں مقیم مسلمانوں نے وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں واشنگٹن، ورجینیا ، میری لینڈ سمیت کئی ریاستوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔ شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کو ان کا حق آزادی دو، دنیا بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور دیگر نعرے درج تھے۔ سکھ کمیونٹی بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے میں شریک ہوئی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے واپس جانا پڑے گا۔ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔ مظاہرے میں شامل خواتین اور بچوں نے مقبوضہ کشمیرمیں خواتین اور بچوں پر مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ کشمیریوں کا احتجاج ثابت کر رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں اور وہاں منظم انداز میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں غذائی اشیا اور دواؤں کی قلت پیدا ہو چکی ہے جس پر امریکا سمیت عالمی برادری کو  کردار ادا کرنا چاہیے۔