Thursday, April 25, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز نے مزید دو بے گناہوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز نے مزید دو بے گناہوں کو شہید کر دیا
July 1, 2020

سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ، ضلع راجوڑی اور سو پور میں مزید دو کشمیریوں کو شہید کردیا گیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رواں برس کے پہلے چھ ماہ کے دوران شہادتوں کی تعداد 148 ہوگئی ، صرف ماہ جون میں 54 کشمیری شہید کردیے گئے۔

سال دو ہزار بیس کے پہلے چھ ماہ میں بھی بھارت مقبوضہ کشمیر میں خون کی ندیاں بہاتارہا، رواں برس شہادتوں کی تعداد 148 ہوگئی، نام نہاد سرچ آپریشنز کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تازہ کارروائی میں قابض فورسز نے ضلع راجوڑی اور سو پور کو گھیرے میں لے کر  دو نوجوانوں کو شہید کردیا، ترال میں بھارتی مظالم کےخلاف احتجاج کرنے والوں کو بھی بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس نے بھارتی بربریت پر ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے،، جس کے مطابق ماہ جون میں بھارتی فورسز نے 567 آپریشنز کیے ، جس کے دوران دو نوعمر لڑکوں سمیت چون کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

ماہ جون کے دوران گولیاں، پیلٹس اور آنسو گیس کے شیل لگنے سے انتیس کشمیری زخمی ہوئے، گھر گھر تلاشی کے دوران ضعیف خاتون سمیت بیاسی افراد کو گرفتار کیا گیا۔