Thursday, April 18, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 3 کشمیری نوجوانوں شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 3 کشمیری نوجوانوں شہید
April 25, 2020
پلوامہ (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ میں فائرنگ سے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت ماہ رمضان میں بھی تھم نہ سکی۔ ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں بھارتی فورسز کے نام نہاد سرچ آپریشن میں گھر گھر تلاشی کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔ اس سے قبل بھارت کی جانب سے کورونا مریضوں کے علاج کے بجائے انہیں مجاہدین ظاہر کر کے شہید کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فورسز مجاہدین یا کورونا مریضوں کی موجودگی کے بہانے گھر گھر تلاشی آپریشن کرتی ہے اور کورونا ٹیسٹنگ کے نام پر کشمیریوں کو گھروں سے اٹھا رہی ہے۔ اس سے قبل بھارتی فورسز نے شوپیاں، کشتواڑ اور سوپور میں 5 معصوم افراد کو مجاہدین قرار دیکر شہید کر دیا تھا۔ مقامی افراد نے تصدیق کی کہ شہید ہونے والے بیشتر افراد کو گھروں سے زبردستی اٹھایا گیا تھا۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ بھارتی فورسز نے کورونا پھیلاؤ کے بہانے شہداء کی میتیں بھی لواحقین کے سپرد نہیں کیں، بھارتی فورسز بغیر جنازے کے میتیں نامعلوم مقامات پر دفن کر رہی ہے۔ بھارت گزشتہ کئی ہفتوں سے کشمیریوں کی نسل کشی کے خونی کھیل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔