Friday, March 29, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی ، مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی ، مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا
January 31, 2020
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ قابض فوج نے مزید 3 کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاون کو 180 روز ہو گئے۔ مظلوم کشمیریوں کی مشکلات برقرار ہیں۔ بھارتی استعمار نے مقبوضہ کشمیر کے چپے چپے کو مظلوم کشمیریوں کے خون سے رنگ دیا۔ بھارتی فوج نے جموں میں ریاستی دہشت گردی کے تازہ واقعہ میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نگروٹہ کے علاقے میں جموں سرینگر ہائی وے ہر بن ٹول پلازہ پر بھارتی فوجیوں نے سری نگر جانے والے ٹرک کو روکنے کے بعد نوجوانوں کو شہید کیا۔ بھارتی فوج نے علاقے کو گھیرے میں بھی لے لیا اور سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔ ٹرک ڈرائیور سمیت دو افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ۔ اس کے علاوہ بھارتی فوج کی جانب سے کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارا مولا، پلوامہ، شوپیاں، اننت ناگ سمیت کئی علاقوں میں نام نہاد گھر گھر تلاشی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو اور لاک ڈاؤن 180 ویں روز میں داخل ہو چکے ہیں۔ مظلوم کشمیریوں کی مشکلات میں کوئی کمی نہیں آ سکی اور وہ مسلسل موصلاتی بندش کا بھی شکار ہیں۔