Friday, May 10, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی، مزید دو کشمیری شہید کر دیے ‏

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی، مزید دو کشمیری شہید کر دیے ‏
April 25, 2019

سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا سلسلہ تھم نہ سکا ، سفاک فوجیوں نے مزید دو کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

ضلع اننت ناگ میں بھی بھارت کے انتخابی ڈرامے کو ناکام بنادیا گیا جس پر قابض فوج آپے سے باہر ہوگئی، بیج بہارہ کے علاقے کو علی الصبح گھیرے میں لیتے ہوئے نام نہاد سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

گھر گھر تلاشی کے دوران بھارتی فورسز نے دو نہتے نوجوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کردیا، جن کی شناخت صفدر امین بھٹ اور برہان احمد غنی کے نام سے ہوئی ہے۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے متوقع احتجاج کو دبانے کیلئے پورے ضلع میں پابندیاں عائد کرتے ہوئے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی۔

ادھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ایک بار پھر عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھایا ہے۔

بین الاقوامی تعلقات اور پرُامن سفارت کاری پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا اقوام متحدہ کی چارٹر کی خلاف ورزی ہے،، جسے نظرانداز کرنا عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔