Tuesday, April 23, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عزائم کے خلاف امریکی اخبار بھی بول پڑا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عزائم کے خلاف امریکی اخبار بھی بول پڑا
August 6, 2019
نیو یارک (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عزائم کے خلاف امریکی اخبار بھی بول پڑا ۔ نیویارک ٹائمز نے اپنے ایڈیٹوریل میں لکھا کہ بھارت دنیا کے خطرناک ترین خطے میں قسمت آزمائی کر رہا ہے۔ خطے کے امن کو خطرے میں ڈالتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے بھارتی اقدام پر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز بھی بول پڑا۔ اپنے ایڈیٹوریل میں بھارتی اقدام کو غلط اور خطرناک قرار دے دیا۔ امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے خون خرابہ یقینی ہے اور پاکستان سے کشیدگی میں اضافہ ہو گا۔ امریکی اخبار کے مطابق بھارتی حکومت اس بات سے آگاہ تھی کہ اس کا یہ فیصلہ کیا آگ لگائے گا۔ تبھی اس نے ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھیجا اور سیاسی قیادت کو گھروں میں نظر بند کیا۔ اسی وجہ سے سیاحوں کو نکل جانے کا کہا گیا، تعلیمی ادارے بند کیے گئے اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی۔ اخبار نے بھارت کے دہشت گردی کی وجہ سے فوج بھیجے جانے کے اعلان پر سوال اٹھائے ہیں۔ اس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی، جن کی جڑیں ہندتوا میں پیوست ہیں،  کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حوالے سے انکی خواہشات ڈھکی چھپی نہیں رہیں۔ نیویارک نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ جو صدر ٹرمپ کی صدارت میں پاکستان کی جانب مائل ہے اور چین جو پاکستان کا پرانا اتحادی ہے، کشمیر کو نیا محاذ نہیں بننے دیں گے۔