Sunday, September 8, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر پاکستانی سفیروں کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر پاکستانی سفیروں کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ
July 12, 2016
اسلام آباد(92نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت  نے پاکستانی سفیروں کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان نے امریکا، برطانیہ، روس، چین اور فرانس سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبر ممالک کو  دفتر خارجہ میں بریفنگ دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبر ممالک  امریکہ ، چین ، فرانس ، برطانیہ اور روس  کے سفیروں کو  بریفنگ دی۔سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے بھارتی مظالم پر سخت تشویش ہے ، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے ، اور  بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے دباو  بڑھایا جائے۔ ادھر دفتر خارجہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے رواں ماہ کے آخر میں بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں کی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کانفرنس وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر منعقد کی جا رہی ہے ۔ کانفرنس کے ایجنڈے میں کلبھوشن یادیو ، پاک افغان بارڈر اور کشمیر پالیسی شامل ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق فاطمی کی سربراہی میں کانفرنس کی تیاریاں شروع کردی ہیں جبکہ کانفرنس کے اختتام پر پاکستانی سفیروں کو خارجہ پالیسی کے حوالے سے خصوصی ٹاسک دیئے جائیں گے اور را ایجنٹ کی پاکستانی سے گرفتاری ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے رکھا جائے گا ۔