Sunday, September 8, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف دفترخارجہ کا بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکےشدید احتجاج

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف دفترخارجہ کا بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکےشدید احتجاج
July 11, 2016
اسلام آباد(92نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کےہاتھوں حالیہ شہادتوں پرپاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکستان نے  بے گناہ افراد کی  اموات کی صاف اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا۔ تفصیلات کےمطابق مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ افرا دکی بھارتی فوج کے ہاتھوں ہلاکت پر پاکستان کا شدید تحفظات کا اظہار ، 30 سے زائد کشمیری نوجوانوں کی شہادت اور 300 سے زائد افراد کو زخمی کرنا انتہائی ظالمانہ اقدام، پاکستان نے صاف اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبانوالے کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج اور پیراملٹری فورسز کی جانب سے کشمیریوں پر تشدد ظالمانہ اقدام ہے، پر امن احتجاج کرنے والے معصوم شہریوں پر ظالمانہ تشدد انسانی  حقوق کی کھلی  خلاف ورزی ہے، بھارت کی جانب سے طاقت کا بلا دریغ استعمال کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے شہری پر امن احتجاج  کا حق رکھتے ہیں اور بھارتی فوج کے ہاتھوں 30  سے زائد کشمیری نوجوانوں کی  شہادتیں اور 300 سے زائد لوگوں کو زخمی کرنا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے، بھارت ریاستی تشدد سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے آواز نہیں دبا سکتا۔ پاکستان نے  بے گناہ افراد کی ہلاکت کی صاف اور شفاف انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے مطابق حق خود ارادیت کشمیری عوام کا حق ہے، بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرئے۔