Friday, May 3, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ، مزید 3 نہتے کشمیری شہید کر دیئے گئے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری ، مزید 3 نہتے کشمیری شہید کر دیئے گئے
June 24, 2018
سری نگر ( 92 نیوز ) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں مزید 3 نہتے کشمیری بھارتی فوج کی بربریت کا نشانہ بن گئے ، شہادتوں کے خلاف وادی بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ،  قابض فوج کی فائرنگ سے درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے ، حریت قیادت نے اقوام متحدہ سے جعلی مقابلوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔ قابض فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کیلئے ضلع کلگام کے علاقے قائموہ کو گھیرلیا ، جس کے دوران نہتے نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا گیا ۔ بدترین مظالم کے خلاف احتجاج کرتے سیکڑوں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے ، جنہیں منتشر کرنے کیلئے بھارتی فورسز نے طاقت کا بےدریغ استعمال کیا، آنسو گیس کے شیل، گولیاں اور پیلٹس لگنےسے درجنوں کشمیری زخمی ہوگئے۔  اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے جواب میں پتھراؤ بھی کیا گیا ۔ کل جماعتی حریت قیادت نے بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے ایک مشترکہ بیان میں اقوام متحدہ سے جعلی مقابلوں میں ہونے والی شہادتوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاج کو دبانے کیلئے  کلگام اور اسلام آباد میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بندکررکھی ہے ۔