Tuesday, May 21, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا
October 13, 2018
سرینگر( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی ختم نہیں ہوئی ، قابض فوج نے ضلع پلوامہ میں ایک نوجوان کشمیری کو شہید کردیا ، نماز جنازہ میں شریک ہزاروں کشمیریوں نے بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے   لگا دیئے ۔ جنت نظیر وادی کشمیر قابض بھارتی افواج کے مظالم کے نتیجے میں لہو لہو ہوگئی ، ضلع پلوامہ میں گھر گھر تلاشی کے دوران بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو شہید کردیا ، جس کی شناخت شبیر احمد ڈار کے نام سے ہوئی ہے ۔  آپریشن میں ایک نوجوان شدید زخمی بھی ہوا جسے سرینگر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ شبیر احمد ڈار کی نماز جنازہ میں ہزاروں کشمیریوں نے شرکت کی، اس موقع پر آزادی کے حق اور بھارت کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی ۔ قابض فوج نے احتجاج کو دبانے کیلئے ضلع پلوامہ میں کرفیو نافذ کردیا ہے، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند ہے۔ جموں کے علاقے بنی ہال میں پی ایچ ڈی سکالر ڈاکٹر منان وانی  کی شہادت پر مکمل ہڑتال کی گئی ، تمام کاروباری و تعلیمی مراکز بند اور سڑکیں سنسان رہیں ۔