Thursday, April 18, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات غیر قانونی ہیں، صدر عارف علوی

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات غیر قانونی ہیں، صدر عارف علوی
October 25, 2019
باکو (92 نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے غیر وابستہ تحریک (نام) کے 120 رکن ممالک کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہیں۔ صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ کشمیر کے تنازعہ کو پرامن طور پر حل کیا جائے، پائیدار ترقی اور استحکام امن و سلامتی کیلئے لازم و ملزوم ہیں، بھارتی اقدامات کشمیریوں کے حق خودارادیت پر براہ راست حملہ ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل وقت کی اہم ضرورت ہے، پائیدار ترقی اور استحکام امن و سلامتی سے جڑے ہوئے ہیں۔ دوران خطاب انہوں نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستان خطے میں اختلافات کے خاتمے کے لئے سہولت کار کا کردار نبھا رہا ہے، پاکستان افغان مسئلے کے پرامن اور سیاسی حل کے لئے کردار ادا رہا ہے۔ صدرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ہے، کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے، مقبوضہ کشمیر پر گذشتہ سات دہائیوں سے غیر ملکی افواج قابض ہیں اور یہ تنازعہ حل طلب ہے، 5 اگست کا بھارتی اقدام یو این چارٹر‘ عالمی قوانین اور قراردادوں کی خلاف ورزی ہے،بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کئے جانے کے اقدامات جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو بدلنے اور کشمیر کی جغرافیائی تبدیلی کی کوشش ہے۔ صدر مملکت مزید بولے کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ دو روزہ اس سربراہ اجلاس میں 60 ممالک کے سربراہان نے شرکت کی جن میں وینز ویلا، ایران، پاکستان، کیوبا، افغانستان اور کئی افریقی ممالک شامل تھے ”نام“ میں شامل ممالک آبادی کے اعتبار سے دنیا کے 50 فیصد رقبہ پر مشتمل ہیں۔