Friday, May 10, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی جارحیت ، وزارت خارجہ نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی جارحیت ، وزارت خارجہ نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
August 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سرگرم ہوگئے، وزارت خارجہ میں ہنگامی اجلاس طلب  کر لیا۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں ، پاکستان کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی متحرک ہوگئے۔ وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ میں سابق سیکرٹریز کا ہنگامی مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ۔ ہنگامی اجلاس میں بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی عزائم ، خطے میں امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کی کوشش ہے ۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورت حال کا  نوٹس لیں ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اورکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا بھارت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے ، ہندو یاتریوں اور غیر ملکی سیاحوں کو کشمیر سے نکلنے کے احکامات تشویش میں مزید اضافے کا سبب بن رہے ہیں ۔ او آئی سی فوری صورت حال کا نوٹس لے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ مقبوضہ کشمیر کی  کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا بھارت کشمیر کے مسئلے پر تیسرے فریق کی ثالثی مانتا ہے اور نہ ہی دو طرفہ مذاکرات کیلئے تیار ہے۔