Thursday, April 18, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بلیک آؤٹ کا انیسواں روز،ذرائع ابلاغ بند ہیں ، دفتر خارجہ

مقبوضہ کشمیر میں بلیک آؤٹ کا انیسواں روز،ذرائع ابلاغ بند ہیں ، دفتر خارجہ
August 22, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ  میں بتایا کہ  مقبوضہ کشمیر میں بلیک آؤٹ کا انیسواں روز ہے ، مقبوضہ وادی میں  انٹر نیٹ سمیت ذرائع ابلاغ  مکمل طور پر بند ہیں ،  مقبوضہ وادی کو تاریخ کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ  میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ  عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر توجہ دے، وادی میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے، بھارتی ظلم اور بربریت سے کشمیری بری طرح متاثر ہورہے ہیں، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری کی مرضی کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ  بھارتی جارحیت سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں،بھارتی اقدامات کیخلاف دنیا کے ہر فورم پر جارہے ہیں، وزیراعظم کی امریکی صدر سے صورتحال پر 2 مرتبہ بات ہوئی ہے،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے معاملے پر بات کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مودی کے بارے میں وزیراعظم اور وزیر خارجہ کہہ چکے ہیں،بہت سے ممالک سے ثالثی کی پیشکش آرہی ہے، بھارت مانے گا تو بات آگے بڑھ سکتی ہے، بھارت ہمیشہ تو کرفیو نہیں لگا سکتا،ظلم بڑھے گا تو ختم ہوجائے گا،دنیا میں کشمیری بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔