Friday, March 29, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات، حریت رہنماؤں کی اپیل پر آج مکمل ہڑتال

مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات، حریت رہنماؤں کی اپیل پر آج مکمل ہڑتال
October 8, 2018
سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد بلدیاتی انتخابات کا ڈھونگ شروع ہو گیا۔ بھارت نے احتجاج کو دبانے کیلئے وادی کو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا جبکہ حریت رہنماؤں کی اپیل پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ کشمیری عوام اس ڈھونگ انتخابات کو مسترد کر چکی ہے۔ وادی میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ متعدد مقامات پر کرفیو نافذ ہے جبکہ پولیس اور فوج کی اضافی نفری کو بھی طلب کر لیا گیا۔ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک  نے بھی اس موقع پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ آج بھی سرچ آپریشن کے نام پر بھارتی فوج نے کئی گھر جلا دیئے۔ ضلع اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور کلگام سمیت پوری وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس کل سے بند کر ہے۔ حریت رہنماؤں نے الیکشن کو مسترد کردیا ہے۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی اپیل پر مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔ دوسری جانب سکھ تنظیموں نے بھی الیکشن کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔