Wednesday, April 24, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو کو 62 روز ہو گئے

مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو کو 62 روز ہو گئے
October 5, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو کو 62 روز ہو گئے۔ بد ترین پابندیوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگا۔ معروف عالمی جریدے دی اکانومسٹ نے بھارت کے عدالتی نظام پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے بھارتی ججوں کو بدنام زمانہ قرار دے دیا۔ رپورٹ میں لکھا مودی سے زیادہ بھارتی عدالتوں کے اقدامات حیران کن ہیں۔ کشمیر میں ہونے والی زیادتیوں پر بھارتی جج شرمناک حد تک خاموش ہیں۔ دی اکانومسٹ نے بھارتی چیف جسٹس کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جنہوں نے مصروفیت کا بھونڈا بہانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے مقدمات سننے سے انکار کر دیا تھا۔ دوسری طرف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے مودی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں کوئی بات نہیں کی۔ مودی کا کشمیریوں کو برابری کے حقوق دینے کی بات کرنا مضحکہ خیز ہے۔ اداریے میں اقوام متحدہ کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ میں عزم کا فقدان، بین الاقوامی سفارت کاری میں عدم استحکام کی غم ناک علامت ہے۔ اداریے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیش کش پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کے نریندر مودی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور وہ ہیوسٹن جلسے میں بھی شریک ہوئے تھے۔ ایسی صورتحال میں شاید ہی امریکی صدر ایماندار ثالث ثابت ہوں۔