Sunday, September 8, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو کا 51 واں روز، لاکھوں کشمیری گھروں میں محصور

مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو کا 51 واں روز، لاکھوں کشمیری گھروں میں محصور
September 24, 2019
سری نگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بدترین بھارتی مظالم اور کرفیو کا 51 واں دن ہے، مقبوضہ وادی میں لاکھوں کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصورہوکررہ گئے، فوجی رات میں گھروں پر چھاپے مار کر بچوں کو اٹھانے لگے، برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک اور دل دہلا دینے والی رپورٹ بھی سامنے آگئی، الجزیرہ کے مطابق 5 اگست کے بعد 4ہزار نوجوانوں کو اٹھایا جا چکا، چھاپوں میں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں سفاک بھارتی فورسز ظلم و ستم کی بدترین داستانیں رقم کرنے میں مصروف ہے،سسکیاں لیتی انسانیت، عالمی ضمیر کے جاگنے کی منتظر ہے جبکہ عالمی میڈیا کی جانب سے حقائق بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ الجزیرہ ٹی وی کی نئی رپورٹ نے رات کی تاریکی میں چھاپے مارنے والی بھارتی فورسز کو بے نقاب کر دیا،رپورٹ کے مطابق، 5 اگست کے بعد سے، ہزاروں نوجوان کشمیریوں کوان کے گھروں سے اٹھایا جا چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ایسی ہی ایک داستان 19 اگست کو پیش آئی، جب بزدل فوجیوں نے رات کے اندھیرے میں سرینگر کے علاقے بَچ پورہ میں گھروں پرچھاپے مارے، دروازے اور کھڑکیاں توڑ دیں اور کئی بے گناہ نوجوانوں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارہ مظلوم کشمیریوں کی ایک اور دل دہلا دینے والی داستان سامنے لے آیا۔بی بی سی کی رپورٹ میں ایک ایسے شخص کا انٹرویو دکھایا گیا ہے، جسے اس کے 16سالہ بیٹے کے ساتھ 6 روز تک پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا، اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ آج بھی اس شخص کا بیٹا رہائی کے باوجود خوف کا شکار ہے، اسے رات کے اندھیرے میں فوجیوں کے بوٹوں کی آواز سنائی دیتی ہے، بی بی سی نے17 متاثرہ کشمیری خاندانوں سے بات کی، جنہوں نے بھارتی مظالم کی ایک جیسی داستان سنائی۔