Friday, May 17, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو، قابض فورسز کا سرچ آپریشن، 8 کشمیری گرفتار

مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو، قابض فورسز کا سرچ آپریشن، 8 کشمیری گرفتار
September 13, 2019
سری نگر (92 نیوز) بھارت نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا آج 40 واں روز ہے۔ ہسپتالوں میں دوائیں ختم ہو گئیں اور کشمیریوں کے گھروں میں راشن تک نہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز بدستور بند ہیں۔ قابض فورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 8 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کی آہنی زنجیروں میں جکڑے کشمیریوں پر ظلم کا سلسلہ جاری ہے۔ ظلم کے بدترین ماحول میں کشمیریوں کو سکون کی چند سانسیں بھی نصیب نہیں۔ مقبوضہ وادی کے چپے چپے پر قابض فوجی تعینات ہیں۔ مظلوم کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ مواصلاتی بلیک آئوٹ کی وجہ سے کشمیریوں کا رابطہ دنیا بھر سے کٹ چکا ہے۔ لوگ انٹرنیٹ اور موبائل فونز سروسز کے معطل ہونے کے باعث اپنے پیاروں کی آوازیں سننے کو ترس گئے ہیں۔ حریت قیادت سمیت ہزاروں مظلوم کشمیری قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ بدترین پابندیوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی کسی طور کم نہیں ہو رہا۔ ہر روز آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف ہونے والے مظاہرے مودی حکومت کی ذلت آمیز ناکامی کی داستان سناتے ہیں۔