Wednesday, May 1, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن کا 83 واں روز، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بدستور معطل

مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن کا 83 واں روز، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بدستور معطل
October 26, 2019
 سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بدترین لاک ڈاؤن اور پابندیاں 83 ویں روز بھی جاری ہیں ۔ نظام زندگی مفلوج جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بدستور معطل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں  زندگی مسلسل تراسی ویں روز بھی سسک رہی ہے ۔ ظالم بھارتی فورسز نے مسلسل بارہویں ہفتے بھی کشمیریوں کو نماز جمعہ ادا نہ کرنے دی ۔ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم ایلڈرز نے  بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ ایک بیان میں تنظیم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، گرفتاریوں اور تشدد کی خبروں پر سخت  تشویش ہے ۔ بیان پر بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ تمام پابندیاں ہٹاتے ہوئے عالمی وفود کو کشمیر جانے کی اجازت دے ۔ دوسری جانب امریکی ارکان کانگریس نے کشمیر کی مخدوش صورتحال پر  امریکا میں تعینات بھارتی سفیر ہرش وردھن شرنگلا کے نام خط لکھ ڈالا۔ خط میں کہا گیا ہے بھارت کی جانب سے کشمیر سے متعلق فراہم کردہ معلومات  شواہد سے مختلف ہیں۔ ارکان کانگریس نے بھارتی سفیر سے سخت سوالات بھی پوچھے اور استفسار کیا کہ کیا مقبوضہ کشمیر میں مواصلات، انٹرنیٹ بحال کر دیا گیا؟ مقبوضہ وادی میں موبائل فون سروس کب بحال کی جائے گی؟ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کتنے لوگ گرفتار ہوئے،؟مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کب ختم کیا جا رہا ہے؟؟؟ ارکان کانگریس نے اپنے خط میں سوال کیا کہ غیر ملکی صحافیوں کو جموں و کشمیر جانے سے کیوں روکا جارہا ہے؟ کیا بھارت امریکی ارکان کانگریس کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دے گا، کیا بھارتی فورسز ربڑ کی گولیوں کا استعمال کر رہی ہے؟ کتنےمظاہرین بھارتی فورسز کے تشدد سے زخمی ہوئے؟؟