Monday, May 13, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن، پابندیوں، کرفیو کا 105واں روز

مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن، پابندیوں، کرفیو کا 105واں روز
November 17, 2019
سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن، پابندیوں، کرفیو کا 105 واں روز ہے۔ کشمیری بدستور گھروں میں قید ہیں ، کھانے پینے کی اشیا کی بھی شدید قلت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے چپے چپے پر بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ 80 لاکھ سے زائد کشمیری اپنے ہی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بدستور بند پڑے ہیں۔ لاکھوں طلبا کے تعلیمی سال ضائع ہونے کے شبہات یقین میں بدلتے دکھائی دے رہے ہیں۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس تا حال بند ہے۔ کشمیریوں کا رابطہ دنیا سے ابھی تک بحال نہیں کیا گیا۔ مواصلاتی بندشوں نے لوگوں کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ بدترین پابندیوں کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت آسمان سے باتیں کرتا دکھائی دیتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے حکومت مخالف مظاہرے اور آزادی کے فلک شگاف نعرے مودی حکومت کی بدترین شکست کی داستان سناتے ہیں۔