Friday, May 17, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن اور کرفیو کا 69 واں دن

مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن اور کرفیو کا 69 واں دن
October 12, 2019
سرینگر (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بدترین لاک ڈاؤن اور کرفیو کا آج 69 واں دن ہے۔ 80 لاکھ سے زائد کشمیری گھٹن میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں فاشسٹ مودی حکومت کی جانب سے عائد جابرانہ پابندیاں انہترویں روز بھی جاری ہیں۔ ذرائع مواصلات بدستور معطل، اشیائے خورو نوش اور ادویات کی قلت بھی برقرار، اسکول اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔ گزشتہ روز نماز جمعہ کے وقت بھارتی بربریت کیخلاف ہزاروں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے ۔ سرینگر، بڈگام، گندر بل ، پلوامہ ،کلگام، شوپیاں، بانڈی پورہ اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ مظاہرین نے آزادی کے حق اور بھارت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ قابض فورسز نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔ انتظامیہ نے سرینگر کی جامعہ مسجد میں مسلسل دسویں ہفتے بھی نماز جمعہ ادا نہ کرنے دی ۔ کشمیری عوام کا کہنا تھا کہ وہ تمام تر مشکلات کے باوجود  جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے  کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور تحریک آزادی کی حمایت پر پاکستانی عوام اور وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔