Saturday, May 11, 2024

مقبوضہ کشمیر میں بد ترین کرفیو 42ویں روز میں داخل

مقبوضہ کشمیر میں بد ترین کرفیو 42ویں روز میں داخل
September 15, 2019
سرینگر ( 92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بد ترین کرفیو 42ویں روز میں داخل ہو گیا ، قابض بھارتی فورسز نے جنت نظیر وادی کو جہنم بنا ڈالا اور لاکھوں کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں۔ ڈیڑھ ماہ ہونےوالا ہے،مقبوضہ کشمیر میں  خوف کی فضا ہے،مارکیٹیں، اسکول سب بند ہیں۔ مواصلاتی نظام بند ہونے سے کشمیریوں کا دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔ کشمیری عوام کو بدترین لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، ہزاروں کشمیری جیلوں میں بند ہیں، ادویات اور راشن ختم ہوچکا ہے۔،،، بدترین بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت کم نہیں ہوا، کشمیریوں نے  تمام رکاوٹیں توڑ کر اپنے حق کیلئے احتجاج کیا۔ قابض فوج کے تشدد سے کئی زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب ترکی کی معروف خبر ایجنسی ٹی آر ٹی نے اعداد و شمار کے ذریعے بھارتی بربریت بے نقاب کر دی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 7 دہائیوں میں 95ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو شہید، 20 ہزار سے زیادہ بچوں کو یتیم، اور تقریباً اتنی ہی خواتین کو بیوہ کیا جا چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آٹھ ہزار سے زائد کشمیریوں کو جبری طور پر گمشدہ کر دیا گیا، 200 سے زائد خواتین کی عصمت دری کی گئی،مقبوضہ وادی میں اب تک  6 ہزار سے زائد اجتماعی قبریں بھی دریافت ہو چکی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ  گزشتہ تین سال کے دوران 6 ہزار سے زائد کشمیری پیلٹس کا شکار ہوئے جن میں سے دو سو بینائی سے محروم ہو گئے۔ ٹی آر ٹی نے مواصلاتی بندشوں کی طرف خصوصی توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ، پانچ اگست کے بعد سے وادی میں مواصلاتی بلیک آؤٹ ہے اور انٹرنیٹ کی 278 سے زائد سروسز بند پڑی ہیں۔